اہم خبریں

blog-detail-img.jpg

روضۂ رسول کے پڑوسی شیخ الحدیث مفتی عبد الوحید ملک مدنی کی مدرسہ نور المعارف میں آمد

  • Apr 24, 2025
  • Editor:
  • Views : 232

روضۂ رسول کے پڑوسی، محدث مدنی مفتی عبد الوحید ملک صاحب کی مدرسہ نور المعارف، دیاگنج آمد
عوام و خواص کا والہانہ استقبال، روح پرور مجلس میں علم و عقیدت کا حسین امتزاج

دیاگنج (ارریہ)، 24 اپریل:
مدرسہ نور المعارف، مولانا علی میاں نگر، دیاگنج، ضلع ارریہ کو آج ایک عظیم دینی و روحانی اعزاز حاصل ہوا جب روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پڑوسی، دارالعلوم مدنیہ مدینہ منورہ کے شیخ الحدیث، محدثِ جلیل، فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الوحید ملک صاحب مکی و مدنی دامت برکاتہم کی پرنور تشریف آوری عمل میں آئی۔
مدرسہ کے ناظم، معروف دینی و سماجی شخصیت، ابوالحسن علی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری، حضرت مولانا ارشد کبیر خاقان مظاہری صاحب نے اساتذہ، طلبہ اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ حضرت کا پرتپاک استقبال کیا۔
حضرت کی آمد، ان کے دیرینہ تعلق اور محبت کی یاد تازہ کرنے کا موقع بنی۔ بتایا جاتا ہے کہ مولانا ارشد کبیر خاقان کے والد گرامی، حضرت مولانا کبیر الدین فاران مظاہری صاحب جو مدرسہ قادریہ، مسروالا (ہماچل پردیش) کے ناظم ہیں حضرت مفتی عبد الوحید صاحب کے مظاہر علوم سہارنپور میں درسی رفیق اور حج و عمرہ کے دوران ان کے میزبان رہے ہیں۔ اسی نسبت و تعلق کی بنا پر حضرت والا نے مدرسہ نور المعارف، دیاگنج تشریف لائے۔
حضرت کی آمد کی خبر علاقے بھر میں بجلی کی طرح پھیل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ادارہ میں عوام و خواص کا ایک جمِ غفیر جمع ہوگیا۔ ہر چہرہ عقیدت سے روشن اور ہر دل محبت سے لبریز نظر آیا۔ لوگوں نے حضرت سے مصافحہ و ملاقات کی سعادت حاصل کی اور دعاؤں سے فیضیاب ہوئے۔
اس بابرکت موقع پر ادارہ کی جانب سے حضرت کے اعزاز میں ایک پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد حضرت نے طلبہ کرام سے خصوصی ملاقات فرمائی۔ طلبہ کی دینی، اخلاقی اور تعلیمی ترقی کو سراہتے ہوئے حضرت والا نے مدرسہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ادارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار فرمایا۔
اس موقع پر ضلع پورنیہ اور کشن گنج کے کئی جید علمائے کرام بھی حضرت کے ہمراہ موجود تھے۔ بالخصوص حضرت کے خلیفہ، ممتاز عالم دین حضرت مولانا قربان عالم صاحب قاسمی دامت برکاتہم (مکیلی، بیلگچھی، پورنیہ) کی شرکت باعثِ سعادت رہی۔
یہ دن مدرسہ نور المعارف کی تاریخ میں ایک یادگار روحانی لمحہ بن کر ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوگیا—جس نے علاقے کے علمی و روحانی ماحول کو معطر کر دیا، اور اہلِ علاقہ کے دلوں میں محبت و عقیدت کی شمع روشن کر دی۔
(رپورٹ: نمائندہ خصوصی)

تازہ ترین خبریں

دیگر تصانیف

امیدوں کا چراغ

مٹی کا چراغ

کہاں گئے وہ لوگ

تذکیر و تانیث

مجلس ادارت

team

سرپرست

حضرت الحاج مولانا کبیر الدین فاران صاحب مظاہری

team

مدیر مسئول

مولانا ارشد کبیر خاقان صاحب مظاہری

team

مدیر

مفتی خالد انور پورنوی صاحب قاسمی