اہم خبریں
مولانا محمد اختر قاسمی مہتمم جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپوره غمگین ماحول میں سپردخاک، معتدد مدارس میں قرآن خوانی کا اہتمام۔
- Jan 02, 2022
- Editor: Arshad Kabir Khaquaan
- Views : 812
ارریہ:(سہیل احمد عرفانی)
ضلع سہارنپور کے ریڑھی تاجپورہ کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ کے مہتمم جناب حضرت مولانا محمد اختر قاسمی صاحب(مرحوم) کا آج علالت کے باعث تقریبا 81 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔ ان کے انتقال کی خبر سے علمی، ملی اور سماجی حلقوں کی فضا مغموم ہو گئی۔ جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ میں بعد نماز عشائ جنازہ کی نماز ادا کی گئی ،بعد ازیں آبائی قبرستان میں اُنہیں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں ارباب مدارس، علماء حفاظ اور درجنوں مدارس کے طلباء اور علاقے کے لوگوں نے شرکت کی۔
مرحوم کے انتقال کی خبر ملتے ہی کثیرتعداد میں ارباب مدارس اور اہل علاقہ نے مرحوم کی رہائش گاہ پر پہنچ کر رنج و الم کا اظہار کیا اور تعزیت مسنونہ پیش کی۔
حضرت مولانا اختر قاسمی(مرحوم) کا شمار علاقہ کے ممتاز علماءمیں ہوتا تھا، مرحوم گزشتہ پچاس سالوں سے جامعہ اسلامیہ ریڑھی تاجپورہ میں تدریسی خدمات انجام دے رہے تھے اور 45 سال تک انہوں نے اہتمام کے فرائض انجام دئیے۔مرحوم جمعیة علماءہند سے بھی طویل عرصہ سے منسلک تھے،ان کی ملی او رسماجی خدمات بھی غیر معمولی ہیں۔
حضرت مولانا محمد اختر صاحب قاسمی کے انتقال پرابو الحسن علی ایجوکیشنل ایند ویلفیر ٹرسٹ و تنظیم فلاح ملت (رجسٹرڈ) کے صدر،مدرسہ قادریہ مسروالا،ہماچل پردیش کے ناظم جناب مولانا کبیر الدین فاران مظاہری ، مدرسہ ایضاح العلوم ،منی مزرعہ چنڈی گڑھ کے مہتمم جناب مولانا محمدعمران صاحب مجددی،چنڈی گڑھ جامع مسجد کے خطیب جناب مولانا اجمل صاحب، ماہنامہ "الفاران" کے مدیر مسئول /ابو الحسن علی ایجوکیشنل ایند ویلفیر ٹرسٹ و تنظیم فلاح ملت (رجسٹرڈ) کے سکریٹری جناب مولانا ارشد کبیر خاقان مظاہری سمیت نامور علماءکرام اور علاقے کے سیاسی و سماجی رہنماوں نے گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے انتقال کو بڑا علمی اور ملی خسارہ قرار دیا اور تعزیت مسنونہ پیش کی۔حضرت مولانامحمداختر قاسمی کے انتقال کی خبر سے دینی مدارس ومراکز اور ملی وتعلیمی حلقوں کی فضا سوگوار ہوگئی ،جہاں ایصال ثواب کرکے مولانا کے لئے دعاءمغفرت کی گئی ہے۔
اس غمناک موقع پرعلاقہ سیمانچل کی مشہوردینی تعلیمی درسگاہ مدرسہ نور المعارف ،مولانا علی میاں نگر، دیا گنج،ضلع ارریہ،مدرسہ روضۃ المعارف ،عزیز نگر افریل،ضلع پورنیہ ،جامعہ زکریا،سید پور کرنکیا، ضلع ارریہ اور جامعہ آمنہ للبنات، دیا گنج ضلع ارریہ کے نائب مہتمم مولانا ارشد کبیر خاقان مظاہری نے اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا محمداختر قاسمی(مرحوم) کی وفات میرے لئے ذاتی اور امت مسلمہ کے لئے صدمہ کا باعث ہے، وہ بڑے عالم دین صاحبِ نسبت بزرگ اور بہترین تعلیم دوست انسان تھے۔جامعہ اسلامیہ ریڑھی ضلع سہارنپور نے آپ کے دوراہتمام میں کرشماتی انداز کی ترقی کی اور بہت سے نئے شعبے وجود میں آئے۔ یقیناََ آپ کی وفات دینی اور ملی حلقوں کا غیرمعمولی خسارہ ہے۔جامعۃ الفلاح للبنات ،مٹیاری ضلع ارریہ کے مہتمم جناب مولانازبیر احمد مظاہری ،مولانا عارف صاحب (ہلدیہ)اور جناب مولانا محمد قربان صاحب قاسمی خلیفہ جناب حضرت مولانا عبد الوحید ملک صاحب(شیخ الحدیث دار العلوم مدینہ منورہ، حضرت مولانا نجیب اللہ صاحب(چمپارنی) خلیفہ و خادم خاص حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا صاحب (مہاجر مدنی) نور اللہ مرقدہ اور حضرت مولانا زاہرحسین صاحب خلیفہ حضرت مولانا پیر محمد طلحہ صاحب کاندھلوی نوراللہ مرقدہ نے کہا کہ حضرت مولانامحمداختر قاسمی علمی انتظامی اور تدریسی مشاغل رکھنے کے باوجود ملی اور سماجی تقاضوں کو نبھانے کا ہنر رکھتے تھے۔
اس سلسلہ میں ایک تعزیتی میٹنگ کاانعقاد مدرسہ نور المعارف،مولانا علی میاں نگر،دیا گنج،ضلع ارریہ میں کیاگیا،جس میں قرآن خوانی کرکے مرحوم کے لئے دعاءایصال ثواب کا اہتمام کیاگیا۔اس موقع پر جناب مولانا عبد الوہاب صاحب ناظم مدرسہ رشیدیہ حسینیہ،ڈمیا،صفی پور، ضلع پورنیہ اور جناب حضرت مولانا شمس الزماں صاحب (صفی پور) نےحضرت مولانا اختر قاسمی کے انتقال پر گہرے رنج و الم کااظہار کرتے ہوئے مولانا کے انتقال کو بڑا علمی اور ملی خسارہ قرار دیا اور کہاکہ مولانا گوناگوں اوصاف وکمالات کی حامل شخصیت کے مالک تھے۔
تازہ ترین خبریں